اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسد عمر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی رہنما نوید قمر نے چیئرمین کمیٹی کے لیے اسد عمر کا نام تجویز کیا۔ممبران نے اسد عمر کو چئیرمین خزانہ کمیٹی منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میں سابق چئیرمین فیض اللہ کو کمیٹی کے فرائض بخوبی سرانجام دینے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ان کے زیر صدارت خزانہ کمیٹی کی کارکردگی بہتر رہی۔خیال رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو فیض اللہ کی جگہ پر کمیٹی کا چئیرمین منتخب کیا گیا ہے۔ ان کا نام ممبر کمیٹی سید نوید قمر نے تجویز کیا جبکہ ممبر قومی اسمبلی نصراللہ خان دریشک نے سیکنڈ کیا، پیر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس کے دوران سید نوید قمر نے کمیٹی چیئرمین شپ کیلئے اسد عمر کو نامزد کر دیا،اسد عمر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا چیئرمین منتخب کر لیا۔ اسد عمر نے کہا کہ تمام ممبران کا بہت شکریہ۔سید نوید قمر نے کہاکہ سابق چیئرمین فیض اللہ نے بہت اچھے طریقے سے کمیٹی چلائی،آپ کمیٹی کو بتائیں کہ آئی ایم ایف پروگرام میں کیا طے کیا گیا۔ نفیسہ شاہ نے کہاکہ اسد عمر جیسے شخص کی سربراہی میں فنانس کمیٹی کی اہمیت بہت بڑھ جائے گی۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ آپکو آئی ایم ایف پروگرام کی کافی پیچیدگیوں کا علم ہے۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ کمیٹی کو بتائیں کہ آپ کا پروگرام سخت تھا یہ اب سخت شرائط مانی گئیں۔ حناربانی کھر نے کہاکہ عام طور پر لوگ وزیر بننا چاہتے ہیں مگر آپ نے کمیٹی کی چیئرمین شپ لے کر ایم فیصلہ کیا۔حنا ربانی کھر نے کہاکہ آپ پر اب ذمہ داری ہوگی کہ کمیٹی کو تمام تفصیلات فراہم کی جائیں۔علی پرویز ملک نے کہاکہ آپکی بہت منفرد پوزیشن ہے،آپ کمیٹی کو بتا سکتے ہیں کہ کس طرح ملک کو بحران سے نکالا جائے۔