اسلام آباد: عمران خان کا کہنا ہے میچ ابھی ختم نہیں ہوا، آخری گیند تک مقابلہ کریں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اپوزیشن بکھر چکی ہے، ان کے پاس ہمارے خلاف احتجاج کا اخلاقی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں اتحادیوں نے بھرپور تعاون کیا، اتحادیوں کو ہمیشہ ساتھ لے کر چلیں گے۔
یاد رہے پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کا انتخاب آج کیا جائے گا، ایوان زیریں میں پارٹی پوزیشن کے مطابق تحریک انصاف کے پاس 152 نشستیں موجود ہیں جبکہ اس کے اتحادیوں متحدہ قومی مومنٹ کی 7، بلوچستان عوامی پارٹی 5، بی این پی مینگل 4، مسلم لیگ ق 3، جی ڈی اے 3، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کی ایک ایک نشست کی حمایت بھی حاصل ہے۔
قائد ایوان کے 2013 کے انتخاب کو دیکھا جائے تو اس وقت میاں نواز شریف نے دو تہائی سے زائد یعنی 244 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ مخدوم امین فہیم نے 42 ووٹ اور جاوید ہاشمی نے 31 ووٹ حاصل کیے تھے۔ نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی 339 ووٹوں میں سے 221 ووٹ حاصل کر کے وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہوئے تھے۔