اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال کو احتساب عدالت میں داخلے سے روکنے کا معاملہ، سیکرٹری داخلہ کو فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پیش کر دی گئی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے پولیس کی مدد کے لئے رینجرز کو نہیں بلایا، رینجرز نے از خود ہی عدالت کے احاطے اور گیٹ پر پوزیشنز سنبھالیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رینجرز اپنی ہائی کمان کے حکم پر احتساب عدالت پہنچی۔ ڈپٹی کمشنر نے ایس ایس پی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ پولیس کے جاری کردہ سکیورٹی پلان میں رینجرز شامل نہیں تھی۔ ایس ایس پی آپریشنز کے خط میں بھی رینجرز کی ذمہ داریاں واضح تھیں۔ رپورٹ کے مطابق رینجرز کا کام گیٹ یا عدالت کے احاطے میں پوزیشن سنبھالنا نہیں تھا۔ رینجرز نے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران کے احکامات پر عمل کرنا تھا۔ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ موصول ہونے کے بعد ایڈیشنل سیکرٹری واقعے کی تحقیقات کریں گے۔