اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹ کی رازداری ظاہر کرنے سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی معافی قبول کرتے ہوئے این اے 53 اسلام آباد سے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنا ووٹ کاسٹ کرنے این اے 53 اسلام آباد کے پولنگ اسٹیشن پر گئے جہاں انہوں نے پولنگ بوتھ کے پیچھے جاکر مہر لگانے کی بجائے میڈیا کے سامنے ہی بیلٹ پیپر پر مہر لگائی جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا۔
چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ عمران خان کے خلاف ووٹ کی رازدری ظاہر کرنے پر ازخود نوٹس کی سماعت کی، جس دوران پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے اور عمران خان کی جانب سے حلف نامہ جمع کروایا۔ عمران خان نے جواب میں موقف اپنایا کہ ووٹ کی رازداری جان بوجھ کر افشا نہیں کی جس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کیا جو کہ اب سنا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے عمران خان سے دستخط شدہ معافی نامہ اور بیان حلفی طلب کرتے ہوئے بابر اعوان کا تحریری جواب مسترد کردیا تھا۔