اسلام آباد (ویب ڈیسک ) پاکستان سے لوٹی گئی دولت واپس لانے کے معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے اوراس معاملے میں پاکستان اور برطانیہ آج اہم اعلان کرنے جا رہے ہیں۔نجی ٹی وی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان
کے وزیر قانون اور پارلیمانی سیکرٹری سے ملاقات کی تھی جس میں پاکستان کی لوٹی گئی دولت واپس لانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس ملاقات میں برطانیہ میں منی لانڈرنگ روکنے کے لیے کی جانے والی قانون سازی پر بھی غور کیا گیا اور پاکستان سے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔آج (پیر کو) وزیر اعظم آفس میں اہم پریس کانفرنس ہوگی جس میں پاکستان اور برطانیہ منی لانڈرنگ اور لوٹی گئی دولت واپس لانے کے اقدامات کے حوالے سے اعلان کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ہونے والی ملاقات میں آج کی پریس کانفرنس کے خدوخال بھی طے کیے گئے تھے۔