دیکھی ہے آج تک ایسی گاڑی جسے آگے سے چلاؤ یا پیچھے سے کچھ مختلف نہیں لگے گی۔ جی ہاں بالکل انڈونیشیا کے 71 سالہ مکینک نے منفرد تجربہ کرتے ہوئے 2 گاڑیوں کے اگلے حصوں کو اس انداز میں ساتھ جوڑا کے ایک مختلف اور دلچسپ انداز کی گاڑی تخلیق کرڈالی۔.
آگے پیچھے دونوں جانب بونٹ اور ڈرائیونگ سیٹ و اسٹیئرنگ لیے اس دلچسپ گاڑی میںیہ مکینک ڈرائیونگ سیٹ سنبھالے چکر کاٹتے اور اسٹنٹ کرتادکھائی دے رہاہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق 71 سالہ مکینک رونی گناوان کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ اس کے پاس ایسی گاڑی ہو جو آگے اور پیچھے دونوں جانب سے چلتی ہو۔ انڈونیشین انجینئر نے بتایا کہ اس نے یہ کام3 ماہ میں مکمل کیا، جس میں 3 ویلڈرز، 3 پینٹرز اور کئی مکینکوں نے حصہ لیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ انڈونیشین انجینئر کی کار مکمل طور پر فعال ہے جسے دونوں جانب سے چلایا جا سکتاہے۔ تاہم انڈونیشین حکام نے مقامی انجینئر کی تیار کردہ کار ضبط کر لی ہے اورکہتے ہیں کہ رونی کی کار ٹریفک سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے۔
ایک سینئر ٹریفک پولیس افسر نے کہا ہے کہ اس کار نے متعدد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کی ہیں، کار کی پچھلی لائٹ بھی نہیں ہے اور اس کی 2 نمبر پلیٹس ہیں اور دونوں کے رجسڑیشن نمبر بھی ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ بعد ازاں پولیس نے کار روڈ پر نہ لانے کی تحریری درخواست کے بعد اسے اس کے مالک کے حوالے کردیا۔