بھارت میں امریکا کے سبکدوش ہونے والے سفیر رچرڈ ورما نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان کو دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنے سے متعلق سخت پیغام بھیجا تھا۔
انھوں نے کہاکہ امید ہے ٹرمپ انتظامیہ نیوکلیئر سپلائر زگروپ میں بھارت کی شمولیت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرے گی، ممکن ہے کہ چین کے کچھ تحفظات ہوںلیکن یقین ہے کہ امریکا اس میں کامیاب ہو جائے گا۔ایک تقریب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی ٹرمپ انتظامیہ جوہری کلب میں بھارتی رکنیت سے متعلق رکاوٹیں دور کرے گی، اس سے پہلے چین نے کہا تھا کہ این پی ٹی پر دستخط نہ کرنے والے ملکوں کی این ایس جی کلب میں شمولیت الوداعی تحفہ نہیں ہو سکتی ۔رچرڈ ورما نے کہا کہ ممکن ہے کہ چین کے کچھ تحفظات ہوں لیکن انہیں یقین ہے کہ بالآخر امریکا اس میں کامیاب ہو جائے گا، بھارت کے بعد پاکستان نے بھی این ایس جی کی رکنیت کے لیے درخواست دی ہے۔