کراچی: پاکستان میں سماجی خدمات کا درخشندہ ستارہ عبدالستار ایدھی کو ہم سے بچھڑے دو برس بیت گئے، دکھی انسانیت کے مسیحا آج خود تو ہم میں موجود نہیں تاہم انکی خدمات آج بھی زندہ ہیں۔
ہزاروں کا سہارا، دکھی دلوں کا غمگسار، انسانیت سے بے لوث محبت کرنے والا، عبدالستار ایدھی جس نے لاکھوں بچوں کو زندگی بخشی، آخری سانس تک اپنے مشن کی تکمیل میں جتے رہنے والی عہد ساز شخصیت کو دنیا سے منہ موڑے 2 برس گزر گئے۔
عبدالستار ایدھی کی خدمت کا سفر انکی وفات کے بعد بھی جاری وساری ہے، انکی برسی کے موقع پر اہلیہ بلقیس ایدھی نے کہا کہ مرحوم اپنی اولاد کو وراثت میں وہی مشن سونپ گئے۔ انکے بیٹے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی نے بین الاقوامی سطح کے ادارے کے سربراہ ہونے کے باوجود فقیری کی زندگی گزاری۔ دو سال قبل طویل بیماری سے لڑتے لڑتے انسانیت کا یہ مسیحا جان کی بازی تو ہار گیا لیکن اپنے مشن کی بدولت اپنا نام رہتی دنیا تک امر کر گیا۔