وی آئی پی پروٹوکول کے رسیاء پنجاب حکومت کے صوبائی وزیر خوراک آج 16 گاڑیوں کی فوج ظفر موج کے ساتھ سستے رمضان بازاروں کا مہنگا دورہ کرنے شیخوپورہ پہنچ گئے۔
شیخوپورہ: (یس اُردو) ایک طرف وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف وی آئی پی پروٹوکول کو ختم کر کے ویگنوں اور بسوں میں دورے کر رہے ہیں تو دوسری طرف ان کے چہیتے وزیر اپنے لیڈروں کی پیروی کرنے کی بجائے ان کے متضاد کام کرتے نظر آ رہے ہیں۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین آج شیخوپورہ میں سستے رمضان بازاروں کا دورہ کرنے پہنچے تو ان کے ساتھ ایک، دو، تین، چار یا پانچ نہیں 16 گاڑیوں کی فوج ظفر موج تھی۔ موٹر سائیکل سوار سارجنٹ سرکاری کانوائے کے آگے وزیر معظم کے آنے کی خبر فلک شگاف ہوٹر کی آواز سے دیتا رہا اور اس کے پیچھے گاڑیوں کی ایک لمبی قطار سڑکوں پر دوڑتی رہی۔ صوبائی وزیر کے اس دورے سے کسی شہری کو فائدہ ہو یا نہ ہو حکومت کی کارکردگی اور وی آئی پی پروٹوکول کے خاتمہ پر ایک اور سوالیہ نشان ضرور لگ گیا ہے۔