صنعاء: شام کے فوجی اڈے پر فضائی حملے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔
شام کی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے خطرناک نتائج بھگتنے کی دھمکی کے بعد شام کے فوجی اڈے حمص پر میزائل حملہ کیا گیا ہے جس میں متعدد افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ میزائل حملے کے بعد فوجی اڈے کے اطراف دھوئیں کے بادل چھا گئے اور درجنوں ایمبولینس گاڑیوں کو ملٹری بیس میں داخل ہوتے دیکھا گیا ہے۔
حملے کے فوری بعد شام کی سرکاری میڈیا کی جانب سے فضائی حملے کی ذمہ داری امریکا پر عائد کی گئی تھی تاہم امریکا کی جانب سے تردید کے بعد سرکاری اعلامیہ سے امریکا کا نام نکال دیا گیا تھا۔ شامی حکومت کے نمائندے نے اسرائیل کی جانب بھی اشارہ کیا تھا تاہم اسرائیل نے شامی الزام پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شامی فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام کی مدد سے فوجی اڈے ٹی 4 ایئر بیس کی جانب داغے گئے آٹھ میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ ٹی 4 ایئر بیس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہاں بڑی تعداد میں روسی فوجیں تعینات ہیں اور یہیں سے باغیوں کے زیرقبضہ علاقوں پر بمباری کرنے کے لیے لڑاکا طیارے پرواز بھرتے ہیں۔
واضح رہے گزشتہ روز دوما میں شامی فورسز کی جانب سے مبینہ طور پر زہریلی گیس کے استعمال پر 70 افراد کی ہلاکت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بشارالاسد حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ شام کو بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی جب کہ عالمی برادری نے بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔