کسی نے سچ ہی کہا ہے کہ ـ ’ضرورت ایجاد کی ماں ہے‘۔ اس بات پر پختہ یقین مجھے اس دن ہوا جب میں کراچی کے ان 3 باہمت نوجوانوں سے ملا جو امریکا کی ’یلپ فوڈ ایپلیکیشن ‘کے آئیڈیا کو پاکستان میں ایک نئی جدت اور جذبے کے ساتھ لے کر آئے اور اسے ’ٹاپ 5 ‘کا نام دیا۔
ٹاپ 5کیا ہے ۔۔؟ یہ کس ضرورت کے تحت وجود میں آئی۔۔؟ اور اس کے مزید اہداف کیا ہیں۔۔؟ ان سب سوالوں کے جواب جاننے کے لیے میں نے ’ٹاپ 5‘کے ٹاپ مائنڈ آئیڈیا پرسن سعد قدیر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ہمارے ساتھ اس ایپ کے مزید 2 روح رواںاسامہ نور اور سعد عمر بھی موجود تھے۔
اسامہ نور اس ایپ کے کریٹیو ہیڈہیں، سعد قدیر ’ٹاپ 5‘ میں فنانس اور بزنس کے معاملات ڈیل کرتے ہیں جبکہ سعد عمر ایک ویب اسپیشلسٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسامہ نےجنگ میڈیا گروپ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ٹاپ 5 ‘کے قیام کا ارادہ ایک انوکھے انداز میں اس وقت ان تینوں دوستوں کے ذہن میں آیا جب وہ خالی پیٹ سستے اور اچھے برگر کی خواہش لیے کراچی کی ایک فاسٹ فوڈ شاپ پر گئے۔ برگر نے پیٹ کی آگ تو بجھا دی لیکن ساتھ ہی دماغ کی بیٹری چارج بھی کردی اور پھر یہ ایسی چارج ہوئی کہ روز بروز اس میں جدت لانے کے جنون نے ان ٹاپ 3 دوستوں کو’ ٹاپ 5 ‘موبائل ایپلیکیشن بنانے کی راہ دکھا دی۔
’ٹاپ 5‘ موبائل ایپ کی مدد سے ہم گھر بیٹھے اس بات کا آسانی سے پتہ لگا سکتے ہیں کہ معیاری اور اچھا کھانا ہمیں شہر میںکہاں اور کس دکان یا فرنچائز سے مل سکتا ہے۔مزید اس کی مدد سے یہ بھی معلوم کیا جاسکتا ہے کہ قریب ترین ریسٹورنٹ کون سا ہے اور وہاں کس روٹ سے ہوتے ہوئے جا یا کاسکتا ہے۔۔
ایپ میں ہمیں ریسٹورنٹ کے نام اور ان کی ڈشز سے لے کر اس سے متعلق لوگوں کی رائے تک مل جاتی ہے جو ہمارے انتخاب میں آسانی پیدا کردیتی ہے۔ یہ بات ایک مصدقہ حقیقت ہے کہ ’ٹاپ 5 ‘اصل میں بھوک ، ذائقہ اور معیار کو یکجا کر کے ہمارے سامنےصف اول کے فوڈ چینز کے نام سامنے لے کر آتی ہے۔
یہ ایپ ایک طرف کنزیومر کو فائدہ پہنچا رہی ہےتو دوسری جانب یہ برانڈ کے لیے بھی اتنی ہی مددگار ہے ۔ اس میں فیس بک پیج کی مدد سے صارفین کے ’فیڈ بیک ‘کو مکمل تصدیق اور بااعتماد طریقے سے برانڈ تک پہنچا یاجاتا ہے جس کے بعد برانڈ اپنی خوبیوں اور خامیوں کا آسانی کے ساتھ احاطہ کرتے ہوئے اس میں بہتری لاتا ہے۔
یہاں یہ کہنا بھی غلط نہ ہوگا کہ’ ٹاپ 5 ‘کی یہ کاوش کنزیومر اور برانڈ کے درمیان ایک مضبوط رشتہ قائم رکھنے میں بہت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
’ٹاپ 5 ‘کے چیف کرییٹو آفیسر اسامہ نے بتایاکہ ابھی ایپ کی پروگرامنگ کو مزید بہتر بنارہے ہیں ۔ رواں سال مارچ میں انھوں نے اپنی ایپ کا ایک آزمائشی ورژن لانچ ہے اور رواں ماہ وہ اس ایپ کی مکمل طور پر لانچنگ کے ساتھ ساتھ اپنی ویب سائٹ کی رونمائی کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔
مستقبل کے حوالے سے ’ٹاپ 5‘ کے چیف ٹیکنیکل سعد عمر کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم صرف فوڈ انڈسٹری تک محدود نہ رہیں بلکہ لائف اسٹائل، ٹورازم اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھی مزید کام کریں ۔ اس کے’ ہوم ورک‘ پر تو ہم پہلے سے ہی کام کررہے ہیں اور جلد ہی ان شعبوں میں بھی عوام کے لیے ایک بہتر سہولت اور اچھی رہنمائی کے ساتھ آئیں گے۔
گفتگو کے آخر میں اسامہ نے اپنی اس کاوش کا سہرا’ نیسٹ آئی او ان کیوبیٹر ‘نامی سافٹ وئیر ہاؤس کو دیتے ہوئے اس کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اس پلیٹ فارم کی مدد سے ہمیں فیضان علی صدیقی کی شکل میں ایسے قابل اور محترم رہنما ملے جنھوں نے ہر مشکل وقت میں ہماری حوصلہ افزائی کی اور ہمیں کافی کچھ نیا سوچنے کی صلاحیت دی۔