سانحہ سول اسپتال کوئٹہ پرلیے گئے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران جسٹس دوست محمد خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ انشا اللہ پاکستان قائم ودائم رہے گا۔ اگرہم متحدہ رہے تو بہت جلددہشت گردی کے خطرات بھی ٹل جائیں گے، دہشت گردوں کاکوئی مذہب اورکوئی ذات نہیں ہوتی، دہشت گرد حملے مساجد، امام بارگاہ ، مندر چرچ سمیت ہر جگہ ہوئے ہیں، اگر نظام ٹھیک کام کرتا تو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا لیکن مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ جسٹس دوست محمد کا کہنا تھاکہ بلوچستان میں وفاقی حکومت اور دوست ممالک کوسی پیک کے تحت ایک جدیداور عالمی معیارکا اسپتال بنانا چاہیے۔جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے کہا کہ سی پیک اربوں روپے کا منصوبہ ہے، ہزاروں لوگ اس میں شامل ہوں گے ان کے لیے بھی اسپتال ضروری ہے۔
جسٹس آصف کھوسہ نے کہا کہ ہم انتظامیہ کو ہدایت کردیتے ہیں کہ ہزارہ برادری کی مشکلات کوکم کیا جائے،جہاں تک ممکن ہوا ہزارہ برادری کے لیے اقدامات کی ہدایت کی جائے گی، فاضل جج کا ایڈووکیٹ جنرل سے کہنا تھا کہ امید ہے بلوچستان حکومت ہزارہ برادری کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے گی، سپریم کورٹ نے سزائے موت کے ملزم کو بری کرتے ہوئے آبزرویشن دی ہے کہ سزائے موت کے مقدمات میں جھوٹی گواہی دینے والے کو سمری ٹرائل کے ذریعے عمرقیدکی سزا دی جا سکتی ہے۔ سپریم کورٹ نے لاہور میں معروف وکیل محمد سلیم سہگل کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث دوملزمان حافظ محمد ناصر محمود اور خرم شہزادکی بریت کی اپیلیں منظورکرتے ہوئے دونوں ملزمان کو 12سال بعد رہا کرنے کا حکم سنا دیا۔