پشاور ؛ الیکشن میں امن و امان یقینی بنانے کیلئے تمام سکیورٹی اداروں کی جانب سے بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ پاک فوج کے تین لاکھ 70 ہزار کے قریب جوان بھی ملک بھر میں تعینات کیے گئے ہیں لیکن ڈپٹی کمشنر پشاور کی اتنے انتظامات سے تسلی نہ
ہوئی اور انہوں نے ایک ہزار کفن بھی تیار کرالیے۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے پریس کانفرنس میں کفن تیار کرانے کے حوالے سے کی جانے والی بات کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکا ہے اور عوام کی جانب سے اس پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیے گئے ہیں اور یہاں پولیس اہلکاروں سمیت آرمی کے جوان بھی موجود ہوں گے۔ پشاور میں 15 ذیلی کمانڈ پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جن میں ریسکیو،پولیس اہلکار، فائر بریگیڈ سمیت دیگر سہولیات موجود ہوں گی۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلحہ کی نمائش اور کالے شیشے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام حلقوں میں پیسکو کی ٹیمیں موجود رہیں گی۔خواتین عملے کی ٹرانسپورٹ کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں جبکہ ووٹرز کی سہولت کیلئے ڈبل سواری پر پابندی نہیں لگائی گئی۔میڈیا کو الیکشن کے حوالے سے تمام تر تیاریوں کے بارے میں آگاہ کرنے سے بھی ڈپٹی کمشنر پشاور کی تسلی نہ ہوئی تو انہوں نے ایک ہزار کفن تیار کرانے
کی بات بھی کردی ۔ انہوں نے کہا ’ خدانخواستہ اگر کوئی بڑا ڈیزاسٹر ہوتا ہے تو ہم نے اس حد تک پلاننگ کی ہے کہ ہم نے ایک ہزار کفن بھی تیار کیے ہیں تاکہ اگر کوئی بڑی اس طرح کی کارروائی ہوجائے تو کام آئیں‘۔ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی جانب سے کفن تیارکرانے کے حوالے سے بات کیے جانے پر سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ ان کی یہ ویڈیو بھی وائرل ہوچکی ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعدڈپٹی کمشنر کی جانب سے وضا حتی بیان بھی جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ”الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے کی جانے والی پریس کانفرنس کے کچھ حصوں کو بعض حلقوں کی جانب سے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ میڈیا بریفنگ کا مقصد صرف یہ تھاکہ امن و امان کو کنٹرول کر نے کے لیے نہ صرف بھر پور اقدامات کئے گئے ہیں بلکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ تیار ہے۔عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اور اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال بھر پور انداز میں کریں“۔مزید خبروں کے لیے ویب سائٹ وزٹ کر سکتے ہیں۔