ابو ظہبی (ویب ڈیسک ) پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 3 ارب ڈالر قرض کیلئے معاہدہ طے پاگیا ۔ معاہدے کے تحت یو اے ای پاکستان کو ایک ارب ڈالر اگلے چندروز میں منتقل کریگا جبکہ بقیہ 2 ارب ڈالر دو قسطوں میں آئندہ دو ہفتوں میں فراہم کردیئے جائینگے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 3 ارب ڈالرز کے امدادی پیکیج کا معاہدہ طے پاگیا، جس کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط فوری مل جائے گی۔ متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ابوظہبی ڈیولپمنٹ فنڈ چیئرپرسن اور گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط فوری مل جائے گی جبکہ باقی رقم 2 قسطوں میں پاکستان کو فرہام کی جائے گی۔ دسمبر میں متحدہ عرب امارات نے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکیج کا اعلان کیا تھا۔ پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے پیکج کے بغیر معیشت کو انتہائی مشکل صورتحال سے نکالنا کافی دشوار ہوگا، گزشتہ سال کے آخری 6 ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان سے دور رہے جبکہ شیئرز بازار سے بھی اپنی رقوم نکال لیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر کے بعد متحدہ عرب امارات سے امدادی پیکیج ملنا سرمایہ کاروں کیلئے اطمینان بخش امر ہوگا۔ یاد رہےکہ ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زید بن سلطان النہیان نے گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں پاکستان کے لیے معاشی پیکیج کے اعلان کی توقع تھی تاہم دورے میں اس قسم کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا تھا۔