بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم دنگل کی دھوم اب بھی جاری ہے یہی وجہ ہے کہ باکس آفس پر اس کے بزنس سے متعلق مختلف خبریں گردش کرنے لگیں تاہم اب ان کے ترجمان نے اس کی وضاحت کردی ہے۔
عامر خان کے چاہنے والوں کے ساتھ ساتھ فلم بینوں نے “دنگل” کے 2000 کروڑ روپے کی کمائی پر بھرپور جشن منایا جب کہ مقامی میڈیا سمیت غیرملکی نشریاتی اداروں نے بھی دنگل کی کامیابی کا بھرپور پرچار کیا لیکن اب عامر خان کے ترجمان نے اس کی تردید کردی ہے۔ عامر خان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فوربز میگزین میں فلم کی کمائی کی غلط خبر شائع ہوئی تھی اور یہ ریسلنگ فلم ابھی تک 2000 کروڑروپے کے بزنس تک نہیں پہنچی۔ ترجمان کے مطابق ہم نے خود کافی خبروں میں پڑھا ہے کہ فلم نے2000 کروڑروپے کما لیے ہیں تاہم یہ حقیقت نہیں کیوں کہ فلم نے اب تک دنیا بھر سے 1864کروڑ روپے کمائے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ خوشی ہے کہ فلم کامیاب رہی اور عامر خان اور دنگل کی پوری ٹیم کو دنیا بھر سے بھرپور پیار ملا تاہم بعض وجوہات کی وجہ سے کئی مقامات پر فلم ریلیز نہ ہوسکی اور اب ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ایسے علاقوں میں فلم ریلیز ہو جہاں وہ اب تک ریلیز نہیں ہو سکی۔
رپورٹس کے مطابق فلم “دنگل” ہدایت کار نتیش تیواری کی ہندی سنیما کی پانچویں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے۔ دنگل کی کہانی ریسلر مہاویر سنگھ پھوگٹ کی زندگی پر مشتمل ہے جس کا کردار عامر خان نے باخوبی نبھایا جب کہ فلم کی کہانی مہاویر سنگھ کی بیٹیوں گیتا پھوگٹ اور ببیتا کماری کو دنیا کی بہترین ریسلرز بنانے کے لئے انتھک محنت اور کوشش کے سفر کے بارے میں ہے۔