امریکی ریاست ٹیکساس کے ہائی اسکول میں فائرنگ کرکے پاکستانی طالبہ سبیکا سمیت دس افراد کی جان لینے وا لے 17 سالہ دیمترس کی ذہنی کیفیت پر پولیس اور وکلاء میں بحث چھڑ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دیمترس کے و کلاء کا دعویٰ ہے کہ ان کا موکل ذہنی کیفیت میں لگتا ہے، ضرور اسے پہلے دماغی صحت سے متعلق مسئلہ درپیش رہا ہو گا ۔
ادھر تفتیشی پولیس کا کہنا ہے کہ اس تحقیق میں کئی متنازع پہلو سامنے آرہے ہیں، دیمترس دس لوگوں کی جان لینے کے بعد خودکشی کرنا چاہتا تھا مگر ہمت نہیں کر پایا۔اس نے قتل کی واردات میں اپنے باپ کا اسلحہ استعمال کیا۔
تفتیشی افسران کو اس کے فیس بک اکاؤنٹسے اس کی ایک تصویر بھی ملی جس میں اس نے ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس پر لکھا تھا’ بورن ٹوکِل‘ یعنی میں مارنے کے لئے پیدا ہوا ہوں۔
رپورٹ کے مطابق دیمترس کے خاندان کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دیمترس کی اس حرکت پر حیران ہیں اور ہمیں اس واقعے کا اتنا ہی غم ہے جتنا باقی لوگوں کو ۔ہم حکام کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کرنے کو تیار ہیں۔
دوسری جانب نائب گورنر ٹیکساس ڈین پیٹرک کا کہنا ہے کہ’ ہتھیار نہیں، خاندانی مسائل، مذہب سے لا تعلقی اور پرتشدد وڈیو گیمز اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات کا سبب بنتےہیں۔‘
ٹیکساس ہائی اسکول کے واقعے میں ناصرف ایک ٹیچر سمیت نو طلباء کی جان گئی بلکہ13 افراد زخمی بھی ہو ئے جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
رپارٹ کے مطابق سانٹا فی ہائی اسکول کا واقعہ امریکاکی تاریخ کے4 خونی واقعات میں سے ایک ہے۔