کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم کا کہنا ہے کہ ہماری جے آئی ٹی تو جیل میں ہوئی جب کہ ان کی محلوں میں ہورہی ہے پھر معلوم نہیں مسلم لیگ (ن) والے اتنا شور کیوں کررہے ہیں۔
کراچی میں عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ معلوم نہیں جے آئی ٹی پر مسلم لیگ (ن) والے اتنا شور کیوں کررہے ہیں، ہماری جے آئی ٹی تو جیل میں ہوئی جب کہ ان کی محلوں میں ہورہی ہے، جے آئی ٹی میں ہماری بھی ماؤں بہنوں کے نام ہیں،ہم بھی شرافت سے پیش ہورہے ہیں، ہم نے کبھی شور نہیں کیا قانون کے تحت اندر ہوگئے۔ اپنے خلاف مقدمات پر ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے میرے خلاف سارے شواہد جھوٹے ہیں ،ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے نیب کے 4 پراسیکیوٹر کیس سے الگ ہوچکے ہیں، نیب پراسیکیوٹر خود کہے چکے ہیں میرے خلاف ثبوت نہیں ہیں، چوہدری نثار نے کہا تھا کہ ان کی گھنٹوں کی جے آئی ٹی کی ریکارڈنگ ہے، وہ پوچھتے ہیں وہ شواہد اب کہاں ہیں۔ عابد شیر علی پر الزام لگاتے ہوئے پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ لوگ اسمبلیوں میں جاکر ذاتی فائدے اٹھاتے ہیں۔عابد شیر نے بھی گیس کے کنکشنز لیے ہیں، نیب کو ان کے خلاف بھی کارروائی کرنی چاہیے۔