اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب غیرجانبدار نہیں ہے، سیاست دانوں کو توڑنے کے لیے قومی احتساب بیورو کو بنایا گیا ہے، پریس کانفرنس اپنی ذات کے لیے نہیں کی، میں نے اپنی ذات کو مثال کے طور پر پیش کیا، نیب کو خط لکھا ہے جب بلائیں گے حاضر ہوجاؤں گا لیکن سوال وہ ہوں جو ریکارڈ کے مطابق ہوں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب کو پریس میں باتیں نہیں کرنا چاہیے، سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف سے متعلق چیئرمین نیب کی باتوں کا کوئی وجود نہیں ہے۔ بعد ازاں انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پریس کانفرنس اپنی ذات کے لیے نہیں کی، میں نے اپنی ذات کو مثال کے طور پر پیش کیا ہے، معروف ٹی وی چینل کے کالم نگار کہتے ہیں جو کچھ لکھا وہ چیئرمین نیب کی زبانی ہے، چیئرمین نیب کی باتیں درست ہیں تو وہ تصدیق کردیں اور اگر باتیں جھوٹی ہیں تو تردید کردیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب کے انٹرویو سے متعلق باتوں کا حقیقت سے تعلق نہیں ہے، جاوید اقبال کا انٹرویو سیاست دانوں کی بدنامی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب نے جو کچھ سوال پوچھا تھا سب جمع کرا دیا ہے، نیب جو سوال پوچھے گا جواب دوں گا اور عوام کو بھی جواب دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے گوشواروں کی تفصیلات پارٹی ویب سائٹ اور ٹویٹر پر اپ لوڈ کردی ہیں اور نیب کو سوالوں کے جوابات جمع کرا دئیے ہیں، جمعہ کو اسمبلی اجلاس کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکا تھا، نیب کو خط لکھا ہے جب بلائیں گے حاضر ہوجاؤں گا لیکن سوال وہ ہوں جو ریکارڈ کے مطابق ہوں۔ مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ شیخ عمران الحق کی تعیناتی میرٹ کے مطابق ہوئی تھی، ان کی کارکردگی بھی ریکارڈ پر موجود ہے
شیخ عمران کو تعیناتی سے پہلے جانتا بھی نہیں تھا، یہ سب باتیں پھیلائی جاتی ہیں ان میں تضاد ہوتا ہے۔یاد رہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نیب کیخلاف یک زباں، سیاست دانوں کی بے عزتی اور جھوٹے پروپیگنڈے کا الزام ، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چیرمین نیب کو انٹرویو دینے کا حق نہیں ،قانونی کارروائی کرینگے، بناکسی ثبوت کے بینکر زکو ہتھکڑیاں لگانے اور جیلوں میں ڈالنے سے معیشت نہیں چل سکتی، پیشی سے بائیکاٹ نہیں ،نیب کوتھکائیں گے جبکہ ن لیگ کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جاوید اقبال ملک کے ٹھیکیدار نہ بنیں،ملکی معیشت تباہ کرنے میں نیب کا بڑا حصہ،بیورو کریسی کو مفلوج کردیا گیا، علیم خان کی ضمانت ہوجاتی ہے لیکن فواد حسن فواد اور احد چیمہ کی ضمانت نہیں ہوتی ۔ تفصیلات کےمطابق منگل کو جعلی اکائونٹس کیس میں آصف زرداری اپنی ہمشیرہ فریال تالپور کے ہمراہ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی تومجرم کوئی نہیں اور ہتھکڑیاں لگائی جاتی ہیں،ملزم عدالت کا لاڈلہ ہوتا ہے، بناکسی ثبوت کے بینکرز کو ہتھکڑیاں لگاکر اور جیلوں میں ڈال کر معیشت نہیں چل سکتی ، 80 سال کے بوڑھوں کو ہتھکڑیاں لگاکر عدالت میں لایا جائے گا، ابھی تک ملزمان پر نیب کچھ بھی خلاف قانون اقدام ثابت نہیں کر سکا