آج قومی اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ آرائی ہوئی ، ایوان میں ارکان کی آپس میں ہاتھا پائی بھی ہوئی ، پی ٹی آئی کےرکن شہر یار آفریدی حکومتی بینچ پرجاکرشاہد خاقان عباسی سےالجھ پڑے۔
شاہد خاقان عباسی جیسے ہی بات کرنے کے لیے نوید قمر کی کرسی کے قریب آئے شہر یار آفریدی نے ان سے بد تمیزی کی۔واقعہ اس وقت پیش آیا جب خواجہ آصف نے گفتگو کرنے کی کوشش کی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی جانب سے وزیر اعظم کے خلاف نعرے لگوائے گئے، جس کے بعد دونوں طرف سے نعرے بازی شروع ہوگئی، حکومتی و اپوزیشن ارکان نے ایک دوسرے کو دھکے دیے اور تھپڑ مارے۔پی پی ارکان اسمبلی نے ہنگامہ آرائی رکوانے کے لیےپی ٹی آئی ارکان کو پیچھے ہٹانے کی کوشش کی جو ناکام رہی، دونوں جانب کے ارکان نے ایک دوسرے کے خلاف نامناسب زبان کا استعمال بھی کیا۔اسمبلی کے سیکیورٹی حکام بھی گتھم گتھا ارکان کو چھڑانے کی کوشش کرتے رہے،اس صورت حال کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس 15 منٹ کےلیے ملتوی کر دیا۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آجائیں اور اپنے مؤقف کا اعادہ کردیں تو تحریک استحقاق واپس لے لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگی ارکان نے گالم گلوچ کی جو اُن کے شایان شان نہیں،اپوزیشن کا انداز اور حکومت کا سلیقہ مختلف ہوتا ہے۔شاہ محمودقریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ سچ اور تمیز کی لڑائی ہے، پاکستانی عوام کے لوٹے ہوئے پیسے کا حساب ہے، برطانیہ میں لیبر پارٹی نے کنزرویٹو پارٹی پر حملہ نہیں کیا ۔