قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر ملتوی کر دیا گیا، ڈیڑھ گھنٹے سے زائد انتظار کے بعد کمیٹی ممبر منزہ حسن نے کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس میں شریک آئی جی سندھ سمیت دیگر شرکاء سے معذرت کرلی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کا اجلاس میں 21 ممبران میں سے صرف 3 ارکان نے شرکت کی، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جی بلوچستان اور کے پی سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں بچوں کے ساتھ زیادتی سمیت دیگر معاملات شامل تھے، ڈیڑھ گھنٹے انتظار کے بعد کمیٹی ممبر منزہ حسن نے کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی اہم اور حساس معاملات آج کے ایجنڈے میں شامل تھے ،اس ایجنڈے پر سب کو سنجیدہ ہونا چاہئے تھا ۔
انہوں نے کہا کہ کورم پورا نہ ہونے پر شرمندگی ہے ،افسوس ہے کہ دور دراز سے آئے ہائی آفیشلز کا وقت بھی ضائع ہوا، کمیٹی کی جانب سےمعذرت خوا ہ ہوں، جس کے بعد کمیٹی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر ملتوی کر دیا گیا ۔