وزیراعلی پنجاب نے کہا ہے کہ وہی قومیں آگے بڑھتی ہیں جو سڑکیں بناتی ہیں، نوازشریف نے چاروں صوبوں میں ترقی کےروشن مینار قائم کیے۔
ملتان میٹروبس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا دھڑن تختہ کرنے کےلیے دھرنے کیے گئے ، ان دھرنوں کی وجہ سےترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر ہوئی،یہ دھرنےوالے پاکستان کی قسمت کو کھوٹا کرناچاہتے تھے،اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ان کے سب منصوبے دفن ہوگئے۔انہوں نے سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی کو تقریب میں دیکھ کرخوشی کا اظہار کیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا خطاب میں کہنا تھا کہ کوئی ایک دھیلے کی کرپشن کا ثبوت بھی لے آیا تو میں اس مجمع کو گواہ بنا کرکہتاہوں کہ میں اس کا ذمہ دار ہوںگا۔شہباز شریف نے کہا کہ ملتان میٹروکا منصوبہ کوالٹی کے اعتبار سے لاہور اور اسلام آباد سے بہتر ہے ،ماضی میں عوام کی جیبوں سے پیسے نکال کرانہیں کنگال کیا گیا ،کراچی کی گرین لائن کے لیے بھی وفاق نے فنڈ جاری کیے ،جب پنجاب میں ہم اپنے پیسے سے اورنج لائن کا منصوبہ بناتے ہیں تو پھربھی لوگ شور مچاتے ہیں ،اورنج لائن کامنصوبہ پنجاب کے اپنے پیسے سےبن رہا ہے لیکن ناقدین کو اس پر بھی اعتراض ہے ،سوئس بینکوں میں پڑے 60ملین ڈالرز پکارپکار کرکہہ رہے ہیں کہ ہمیں لے جاؤ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سے درخواست ہے کہ جب وہ انصاف سے فیصلہ کرلے تو پھر ان کو بھی جنہوں نے ملک کی دولت لوٹی ہے، انہیں بھی عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے۔