روس سمیت بڑی طاقتوں کے جہاز کراچی پورٹ پر لنگرانداز،،36ملکوں کی فورسز اور مبصرین مشقوںمیںشریک ہیں
کراچی: پاک بحریہ کی ملکی تاریخ کی سب سے بڑی امن مشقوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ، کراچی ڈاک یارڈ پر پرچم کشائی کی تقریب میں چین ، امریکا ، روس سمیت بڑی طاقتوں کے جہاز شریک تھے ۔ وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی کہتے ہیں مسائل کا حل جنگوں میں نہیں امن میں پوشیدہ ہے ، پاک بحریہ کی امن مشقیں 2017 کا آغاز ہوگیا ۔ کراچی ڈاک یارڈ پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں چین ، امریکا ، روس سمیت بڑی طاقتوں کے جہاز شریک تھے ۔ تقریب میں پاک بحریہ کے دستے نے مہمان ممالک کو سلامی پیش کی ۔ تقریب میں کمانڈر پاکستان فلیٹ نے بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ کا پیغام پڑھ کر سنایا ، وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے خطاب میں کہا کہ مشقوں میں بہترین تعاون اور بھائی چارے کی فضا قائم ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ مکمل سلامتی کے بغیر امن ممکن نہیں ، مسائل کا حل جنگوں میں نہیں امن میں پوشیدہ ہے ، امن مشقیں دو ہزار سترہ میں روس کے 3 اور امریکا کے 4 جنگی بحری جہاز شامل ہیں جبکہ جاپان کے 2 پی تھری سی اورین طیارے بھی مشقوں کا حصہ ہیں ۔ انڈونیشیا ، آسٹریلیا ، برطانیہ اور ترکی کا ایک ایک جہاز بھی مشقوں میں موجود ہے ۔ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی امن مشقیں چودہ فروری تک جاری رہیں گی۔