پونے: جس کام کا تجربہ نا ہو اس سے گریز ہی کرنا چاہئے، خصوصاً تجربے کے بغیر گاڑی چلانے جیسی غلطی کرنے کے متعلق تو بھول کر بھی نہیں سوچنا چاہئیے کہ اس سے اپنی جان کو بھی خطرہ اور دوسروں کی جان کو بھی۔بھارتی شہر پُونے میں پیش آنے والا المناک واقعہ ایک ایسی ہی غلطی کا نتیجہ ہے، جو دو انسانوں کی جان لے گیا جن میں سے ایک نئی نویلی دلہن تھی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 22 سالہ سونالی گنیش کی ابھی دو دن قبل شادی ہوئی تھی۔ وہ اپنے سسر سمبھاجی کے ایک دوست ماروتی کے ہاں منعقد ہونے والی شادی میں فیملی سمیت گئی تھی جہاں سے واپسی پر ماروتی خود انہیں اپنی ایس یو وی گاڑی میں واپس چھوڑنے آیا۔ جب یہ اپنے گھر پہنچے تو سونالی نے اپنے سسر کے دوست سے فرمائش کی کہ وہ ان کی گاڑی چلانا چاہتی ہے۔ چونکہ وہ گاڑی چلانا نہیں جانتی تھی تو اس کے سسر نے منع کیا مگر اس کی ضد کے باعث ماروتی نے کہا کہ کوئی بات نہیں وہ خود ساتھ موجود ہو گا تو خطرے کی بات نہیں۔
یہ کہہ کر دونوں گاڑی میں بیٹھے اور سونالی نے ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی۔ ابھی اس نے گاڑی سٹارٹ ہی کی تھی کہ یہ پوری رفتار سے پیچھے کی جانب بھاگی اورپیچھے موجود گہرے کنویں میں جا گری۔سارا گاﺅں اکٹھا ہو گیا اور گاڑی کو کنویں سے نکالنے کی کوششیں شروع ہو گئیں مگر اس میں کامیابی نا ہوسکی۔ آدھے گھنٹے بعد کرین پہنچی تو گاڑی باہر نکالی جا سکی مگر تب تک ماروتی اور سونالی دونوں جہان فانی سے رخصت ہو چکے تھے۔المناک واقعے کے بعد صرف متعلقہ خاندانوں میں ہی نہیں بلکہ کئی دیہاتوں میں سوگ کا سماں ہے۔ بظاہر کتنی معمولی سی بات تھی مگر کیسے بڑے سانحے کا سبب بن گئی!