جنرل قمرجاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج پہلے سے زیادہ پروفیشنل ،مضبوط اور ملکی وقار میں اضافے کا باعث بنیں گے، مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ کا بیان
اسلام آباد(ایس ایم حسنین )پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما چوہدری امتیاز احمد رانجھا نے جنرل قمرجاوید باجوہ کو چیف آف آرمی سٹاف اور جنرل زبیر حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے نئے آرمی چیف بھی جنرل راحیل شریف کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے فوج کا وقار بلند کریں گے، ہمیں یقین ہے کہ جنرل قمرجاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج پہلے سے زیادہ پروفیشنل ،مضبوط اور ملکی وقار میں اضافے کا باعث بنیں گے اور ساتھ ساتھ وہ جمہوری اداروں کی مضبوطی اور استحکام کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں گے، جنرل قمر جاوید باجوہ اس وقت بہترین چوائس ہیں موجودہ حالات میں اس سے بہتر فیصلہ ممکن نہ تھا۔اتوار کو اپنے ایک بیان میں امتیاز رانجھا نے کہا کہ جس طرح جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدام کیا ہے، امید ہے نئے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ بھی اسی ایجنڈے کو لے کر آگے چلیں گے اوروہ اپنی بہترین پیشہ وارانہ مہارت کوبروئے کار لاتے ہوئے افواج پاکستان کو مزید بلندیوں سے روشناس کرائیں گے