لاہور: جماعت اسلامی نے فضل الرحمان کی جانب سے حلف نہ اٹھانے کی تجویزکی مخالفت کرتے ہوئے اپوزیشن میں مضبوط کردار ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی زیرصدارت مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں تمام قائدئن نے شرکت کی اور اجلاس میں موجود شرکا نے فضل الرحمان کی جانب سے حلف نہ اٹھانے کی تجویز کی مخالفت کردی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کے بروقت ہونے پر خوش ہیں اور ہم نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کے لئے جدوجہد کی ہے، فضل الرحمان کی جانب سے حلف نہ اٹھانے کی تجویز پر بہت تشویش ہوئی ہے اور ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں، جماعت اسلامی ایوان میں مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔ الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات سے قبل منصوبے کے تحت ذمہ داریاں تبدیل کرائی گئیں،افسوس ہے کہ پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال کر ووٹوں کی گنتی کی گئی، ریاستی اداروں کی مدد سے اپنے من پسند امیدواروں کو جتانے کی کوشش کی گئی اور کہیں بھی فارم 45 نہیں دیا گیا اور اس عمل سے سارے الیکشن کو داغ دار بنا دیا گیا اور اب الیکشن کمیشن اور حکومتی ادارے بھی کٹہرے میں آگئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے ایم ایم اے کو 25 لاکھ سے زائد ووٹ دیئے اور ہمارا موقف ہے کہ نئی حکومت کو کام کرنے کاموقع دیا جانا چاہئے۔