کراچی (ویب ڈیسک) والدین اکثر اپنے بچوں کو ان کی سالگرہ پر انوکھا اور پرکشش تحفہ دینے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ ان کے بچے خوش ہوں لیکن سعودی عرب میں ایک والد ایسا بھی ہے جس نے اپنے بچے کیلئے دو اصلی ایئر بس طیارے خرید لیے، غلطی سے ہی سہی۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ سعودی شہری تیل کی صنعت میں سرمایہ کار ہیں، ان کا بیٹا بڑا ہو کر پائلٹ بننا چاہتا ہے، اسے طیاروں کا شوق ہے۔ اپنے بیٹے کی خوشی کیلئے اس نے مختلف ویب سائٹس پر طیاروں کے ماڈلز دیکھنا شروع کر دیے۔ اس شخص کو ایئربس کی ویب سائٹ پر مطلوبہ طیارے نظر آئے تو اس نے کمپنی سے رابطہ کیا تاہم کمزور انگریزی کے باعث جب اُن سے طیارے کے ڈیزائن، اندرونی اور بیرونی ساخت وغیرہ کے متعلق سوالات کیے گئے تو وہ کنفیوژن کا شکار ہوگئے۔ مذکورہ سعودی شہری کا کہنا ہے کہ وہ یہ سمجھا کہ اس قدر مفصل سوالات پوچھنے کا مقصد شاید یہ ہوگا کہ وہ بہترین کھلونا بنا کر دیں گے، لیکن جب انہیں 329؍ ملین یورو کی ادائیگی کا کہا گیا تو انہیں شک ہوا لیکن انہیں لگا کہ شاید اپنی پسند کا کھلونا بنوانے کے اخراجات زیادہ ہوں گے اور کرنسی کی قدر کی تبدیلی میں بھی وہ تھوڑا گھبرا گئے اسلئے انہوں نے فوراً ادائیگی کر دی۔ امیریکن ایکسپریس کی انہوں نے ادائیگی کر دی جس کے چند ماہ بعد ہی انہیں اپنی غلطی کا احساس اُس وقت ہوگیا جب انہیں ایئر بس کمپنی نے فون کرکے کہا کہ ان کے طیارے ڈیلیوری کیلئے تیار ہیں اور انہوں نے سعودی شہری سے پائلٹس کے متعلق سوالات کرنا شروع کیے جس پر وہ یہ سمجھے کہ شاید یہ لوگ مذاق کر رہے ہیں۔ بالآخر اپنی غلطی کا احساس ہونے پر انہوں نے ایک طیارہ اپنے لیے جبکہ دوسرا اپنے کزن کیلئے رکھ لیا۔(ش س م)