سابق قومی کپتان اور دور حاضر کے بہترین کمنٹیٹر رمیز راجہ نے چیئرمین پی سی بی کے عہدے کیلئے احسان مانی کو موزوں ترین شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عمران خان کے وژ ن کو اولین ترجیح سمجھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں رمیز راجہ کا ملکی کرکٹ میں اداروں کے بجائے علاقائی ٹیموں کی حمایت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان علاقائی کرکٹ کے بہت بڑے پرستار ہیں کیونکہ کم ٹیموں کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت سے معیار میں اضافہ ممکن ہے اور یہ آئیڈیا پاکستان سپر لیگ میں بھی کامیابی سے ہمکنار ہو چکا ہے اور احسان مانی چیئرمین منتخب ہو کر ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی اس نظام کا نفاذ کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے بیشتر سابق کرکٹرز بھی اداروں کے بجائے علاقائی سطح پر کرکٹ کی حمایت کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ یہ تبدیلی اہم ثابت ہو گی۔رمیز راجہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کرکٹ کی برادری کیلئے انتہائی فخر کا لمحہ ہے کہ ایک کرکٹر کو ملک کی وزارت عظمیٰ تک رسائی کا موقع ملا اور عمران کان ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے اہم اقدامات کریں گے۔ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے والے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کے وڑن کو آگے بڑھانے کیلئے احسان مانی ایک آئیڈیل شخصیت ثابت ہوں گے جن کو اس حوالے سے بہترین تجربہ بھی حاصل ہے اور ملکی کرکٹ درست راہ پر گامزن ہو جائے گی۔