اسلام آباد (ویب ڈیسک ) پاکستان اور جاپان کے درمیان دو کروڑ 13 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی امداد کے دو معاہدے طے پا گئے۔ یہ گرانٹ جاپانی حکومت کی جانب سے موسیماتی سرویلینس رڈار کی تنصیب اور انسانی وسائل کی ترقی کے لئے سکالرشپس کے لئے فراہم کی جائے گی۔
معاہدوں پر دستخط کرنے کی تقریب جمعہ کو یہاں اسلام آباد میں ہوئی۔وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور جاپان کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور کازوکی ناکانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملتان شہر میں موسمیاتی رڈار کی تنصیب سے محکمہ موسمیات کی مشاہدہ اور پیشگی اطلاعات کی صلاحیت بڑھے گی جس کے نتیجے میں قدرتی آفات سے رونما ہونے والے اثرات کے ساتھ ساتھ زرعی مصنوعات اور ٹرانسپورٹیشن کو پہنچنے والے نقصانات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔اسی طرح انسانی وسائل کی ترقی کے لئے سکالرشپس کی فراہمی سے قابل نوجوان ملازمین کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع کی فراہمی کے لئے حکومت کی انتظامی استعداد بڑھے گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ نئی حکومت جاپان کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہاں ہے تاکہ جاپان کے ساتھ تجارت کی مکمل صلاحیت سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے جاپان کی جانب سے توانائی، روڈ انفراسٹرکچر، صنعت، زراعت، پانی،، صحت، تعلیم اور سیکورٹی کے شعبوں میں اقتصادی و تکنیکی معاونت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے ذریعے جاپانی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا۔اس موقع پر جاپان کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے وزیر خزانہ کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دیں اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مستقبل میں مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔