ریاض: سعودی عرب پر گزشتہ دنوں اتنی بڑی تعداد کیڑوں نے حملہ کر دیا کہ آسمان ہی سیاہ ہو گیااور آبادیوں پر اندھیرا چھا گیا۔ میل آن لائن کے مطابق یہ ’ٹڈی دل‘ نامی کیڑے تھے جنہوں نے سعودی عرب کے شہر نجران اور اس کے گردونواح وسیع و عریض علاقے پر حملہ کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حملے میں 8کروڑ سے زائد ٹڈی دل علاقے پر حملہ آور ہوئے اور جب یہ زمین پر آ کر بیٹھے تو زمین ہی ان میں ڈھک گئی۔ رپورٹ کے مطابق اس علاقے سے کئی ویڈیوزبھی منظرعام پر آئی ہیں جن میں لوگوں کو بیلچوں کی مدد سے ان ٹڈی دلوں کو دیواروں اور دیگر اشیاءسے ہٹایا جا رہا ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ٹڈی دلوں کے اس حملے سے علاقے میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے علاوہ دیگر کئی عرب ممالک میں ہر سال ٹڈی دلوں کے اسی نوعیت کے شدید حملے ہوتے ہیں اور یہ کیڑے فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچاتے ہیں۔