ٹوکیو: جاپان کی سیرانا ایک ایسی خوش قسمت لڑکی ہے ، جس کا سمندر میں کھو جانے والا کیمرا 2 سال بعد تائیوان کے ساحل پر ملا اور حیرت انگیز طور پر واٹر پروف کیسنگ کی وجہ سے وہ محفوظ رہا۔
طلبہ کا گروپ صفائی کے لیے ایک روز تائیوان کے ساحل پر اپنے استاد مسٹر لی کے ساتھ موجود تھا کہ ایک 11 سالہ بچے کو سیرانا کا وہی کیمرا ملا، جو 2 سال قبل سمندر میں گر گیا تھا۔ اگرچہ کیمرے پر سیپیاں، پتھر اور سمندری گندگی لگی ہوئی تھی لیکن دلچسپ بات یہ تھی کہ اس کے اندر ڈیٹا یعنی تصاویر صحیح سلامت موجود تھیں۔ اس کیمرے کو جب آن کیا گیا تو اس میں سیرانا کی تصاویر ملیں، جس کے بعد کیمرے کے اصل مالک کو ڈھونڈنے کے لیے ان تصاویر کے ساتھ جاپانی اور چینی زبان میں سٹیٹس ڈال کر انہیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا گیا۔
کیمرے کی مالک تک پہنچنے سے قبل ایک ہی دن میں اس پوسٹ کو 10 ہزار بار شیئر کیا گیا۔ آخرکار یہ پیغام کیمرے کی مالکن سیرانا تک پہنچ گیا جس پر وہ خوشی سے پھولے نہیں سمائیں۔