کراچی…….اسٹیٹ بینک نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے 4 جون 2015ء کو جاری کردہ گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم دسمبر 2016 سے پرانے ڈیزائن کے نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم ہو جائے گی اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام باقی رہ جانے والے دس ، پچاس، سو اور ایک ہزار روپے کے پرانے ڈیزائن کے نوٹوں کو مرحلہ وار ختم کر دیا جائے گا۔پانچ روپے کے نوٹ اور پرانے ڈیزائن کے 500 روپے کے نوٹ کی قانونی حیثیت پہلے ہی ختم ہو چکی ہے۔اسٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق کمرشل اور مائیکروفنانس بینک 30 نومبر 2016 تک دس، پچاس، سو اور ایک ہزار روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی وصولی اور ان تمام مالیتوں کا اتنی ہی مالیت کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں اور سکوں سے تبادلہ جاری رکھیں گے۔تاہم ایس بی پی بی ایس سی کے فیلڈ دفاتر 31 دسمبر 2021تک عوام سے دس ، پچاس ، سو اور پانچ سو روپے کے پرانے ڈیزائن کے بینک نوٹ قبول کرتے رہیں گے۔بینکوں میں پرانے ڈیزائن کے تمام نوٹوں کے تبادلے کا آخری دن 30 نومبر 2016 ہے۔ پرانے ڈیزائن کے تمام نوٹوں کی قانونی حیثیت یکم دسمبر 2016 سے ختم ہو جائے گی جبکہ ایسے تمام بینک نوٹوں کے ایس بی پی بی ای سی کے فیلڈ دفاتر سے تبادلے کا آخری دن 31 دسمبر 2021 ہے۔