اہل لاہورکو بہترین سفری سہولت کی فراہمی اور تاریخی شہر کی سیرکا مزہ دوبالا کرنے والی انٹر نیشنل اورنج لائن ٹرین کا سفر اب کوئی خواب نہیں رہا۔ منصوبے کا 77 فیصد کام مکمل ہوچکاہے ۔ ٹرین کی بوگیاں بھی چین سے روانہ ہوچکی ہیں ۔
سن 2015 میں حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا کہ اہل لاہور کیلئے اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ لایا جائے ، 27 کلومیٹر سے زائد فاصلہ طے کرنے والی ٹرین کی اسپیڈ 80 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ علی ٹاؤن ٹھوکر نیاز بیگ سے شروع ہونے والی ٹرین کا آخری اسٹاپ ڈیرہ گجراں ہوگا۔ ٹرین کے 26 میں سے 2 اسٹیشن زیر زمین ہوںگے۔
ٹرین کے راستے میں آنے والے تاریخی ورثے کے تحفظ کیلئے معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملہ جلد سلجھ جائے گا اور ٹرین کو رواں سال کے آخر تک چلا دیا جائے گا۔ٹرین کے روٹ پر آنے والی تاریخی عمارتوں کے نزدیک کام رکا ہوا ہے جن میں مال روڈ ، چوبرجی ، دائی انگہ کا مقبرہ وغیرہ شامل ہیں ۔ٹرین کے روٹ میں آنے والی نجی عمارتوں کے مکینوں اور کاروباری حضرات کو بعض تحفظات لاحق ہیں ۔ انتظامیہ کاکہنا ہے کہ ٹرین بجلی پر چلائی جائے گی ۔ اس کی ٹکٹ کی قیمت کا معاملہ بھی عنقریب طے کرلیا جائے گا۔