برمنگھم: امریکی ریاست ایلاباما میں 32 کلومیٹر دور سے پیدل چل کر نوکری کے پہلے دن کام پر پہنچنے والے ملازم کو مالک نے اپنی گاڑی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی کمپنی کے مالک نے ساری رات پیدل چل کر نوکری کے پہلے دن کام پر پہنچنے والے ملازم والٹر کو اپنی نئی گاڑی تحفے میں دے دی۔
والٹر کار کی اپنی گاڑی خراب ہوگئی توانہوں نے ایلاباما کے شہر برمنگھم میں واقع ایک گھر پیدل چل کرجانے کا فیصلہ کیا جہاں انہیں سامان منتقل کرنے کے لیے بلایا گیا تھا۔
جیمی لیمی نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ فیس بک پراپنے پیغام میں لکھا کہ جب ان کے گھر کی گھنٹی بجی تو انہوں نے دیکھا کہ دروازے پرایک پولیس اہلکاروالٹر کار کے ہمراہ کھڑا تھا۔
پولیس اہلکار نے انہیں بتایا کہ والٹرساری رات پیدل چل کر یہاں تک پہنچے ہیں کیونکہ انہیں گھرسے سامان منتقل کرنے کا کام کرنا تھا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ جب میں نے والٹرسے کہا وہ کچھ دیر آرام کرلے تو اس نے ایسا کرنے سے انکارکرتے ہوئے اپنا کام شروع کردیا۔
کمپنی کے مالک کو جب والٹر کے بارے میں پتہ چلا تو وہ خود اپنے نئے ملازم کو نہ صرف دیکھنے کے لیے آئے بلکہ اس کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے اسے اپنی نئی گاڑی بھی تحفے میں دے دی۔