وزیراعظم نواز شریف کا اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کاریک کا مقصد رکن ملکوں میں پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنا ہے، ایک دوسرے کے ساتھ تعاون سے غربت کا خاتمہ ہو گا
اسلام آباد میں وسط ایشیائی علاقائی اقتصادی تعاون تنظیم کاریک کی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کاریک ملکوں کی شراکت ترقی کے خواب کو حقیقت میں بدلے گی ، رکن ممالک میں تعاون سے غربت ختم کرنے میں مدد ملے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقائی روابط کو بڑھانے کیلئے مواصلاتی نظام کی ترقی بھی ضروری ہے ، کاریک وسط ایشیائی ریاستوں کی منڈیوں تک پہنچنے کےلیے اہم منصوبہ ہے، سی پیک منصوبے کے فوائد کاریک ملکوں کو بھی پہنچیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں خوشحالی آئے گی ۔
کانفرنس سے خطاب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سارک ملکوں میں اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے ۔ سی پیک بھی کاریک کے ذریعے علاقائی رابطوں میں فروغ کا باعث ہو گا ۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے ، ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں ۔