کراچی: پاکستانی ٹیم نے سست بیٹنگ کی داستان رقم کر دی، ویسٹ انڈیز سے سیریز کی 5 اننگز میں مجموعی طور پر2271 گیندوں پر کوئی رن نہیں بنایا،اظہر علی 530 اور مصباح الحق 444 ڈاٹ بالز کھیل کر بولرز کو تھکانے میں کامیاب رہے۔
تفصیلات کے مطابق کیریبیئنز سے ٹیسٹ سیریز کے دوران پاکستانی ٹیم نے خاصی سست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے، ناتجربہ کار حریف کیخلاف بیٹسمینوں نے اب تک
5 اننگز میں ہی 2271 ڈاٹ بالز کا سامنا کر لیا،اس دوران ٹیم نے مجموعی طور پر 2823 گیندیں کھیلیں۔ جمیکا ٹیسٹ میں پاکستانی پلیئرز نے پہلی اننگز کی 652 اور دوسری میں 48 بالز پر کوئی رن نہ بنایا، مجموعی طور پر 894 گیندوں میں سے 194 پر بیٹسمینوں کا اسکور آگے بڑھا، 700 پر اسکور بورڈ ساکت رہا۔ بارباڈوس ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 679 اور دوسری میں 179 ڈاٹ بالز تھیں،مجموعی 1050 گیندوں میں سے 182 پر رنز بنے اور 868 ضائع ہوئیں۔ جاری روسیو ٹیسٹ کی پہلی باری میں مہمان کھلاڑیوں نے 879 میں سے 703 ڈاٹ بالز کھیلیں، 176 پر رنز بنے۔
سب سے زیادہ سست بیٹنگ کرنے والوں میں اظہر علی سرفہرست ہیں، انھوں نے 662 میں سے 530 بالز پر کوئی رن نہیں بنایا، سیریز میں وہ اب تک 258 رنز اسکور کر چکے ہیں، ان کا اسٹرائیک ریٹ 38.97 ہے۔ کپتان مصباح الحق نے 583 میں سے 444 ڈاٹ بالز کھیلیں،انھوں نے اب تک 269 رنز بنائے ہیں، ان کا اسٹرائیک ریٹ 46.14 رہا، یاد رہے کہ مصباح کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیل رہے ہیں، انھوں نے جاری میچ کی پہلی باری میں کھاتہ 22ویں گیند پر کھولا اور پھر51 بالز تک ان کا اسکور 1 ہی رہا، اس کے بعد چوکا لگا کروہ 5 تک پہنچے، وہ اس اننگز میں نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے تھے۔