واشنگٹن: پاک بھارت کشیدگی میں سکھ برادری ایک مرتبہ پھر پاکستان کی حمایت میں کھُل کر سامنے آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خالصتان تحریک انٹرنیشنل افئیرز سنٹر نارتھ امریکہ کے سربراہ ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے کہا کہ پاکستانی خوش قسمت ہیں کہ انہیں عمران خان کی شکل میں علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ملی۔ میرا نہیں خیال کہ کسی اور ملک کا وزیراعظم عمران خان جیسا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے چھکوں نے مودی کے آئندہ وزیراعظم بننے کا راستہ روک دیا ہے۔ عمران خان نے جس تکینیک سے مودی کی سازشوں کو ناکام کیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کو ایک ذمہ دار، نڈر، باصلاحیت اور پڑھا لکھا سیاستدان ملا ہے جس کی سیاسی بصیرت کو اب دنیا بھی تسلیم کر رہی ہے ۔پاکستان کے ردعمل اور عمران خان کی امن قائم رکھنے کی کوششوں پر اب بھارت میں بھی ایک نئی بحث بھی چھڑ چکی ہے کہ کیا واقعی بھارت اس قابل نہیں کہ وہ پاکستان کا دفاعی، سیاسی اور سفارتی محاذ پر مقابلہ کر سکے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاک بھارت کشیدگی میں غیر ملکی سکھ کمیونٹی نے کھُل کر پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ امریکہ میں مقیم سکھ وکیلوں کے ایک گروہ نے بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی مذمت کی ۔ سکھ کمیونٹی کا کہنا تھا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے سکھ برادری پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔
سکھ فار جسٹس (ایس ایف آئی) نامی ایڈووکیسی گروپ نے بھارت سے پنجاب کی آزادی کے لیے ریفرنڈم کے لیے تحریک بھی چلا رکھی ہے۔ سکھ فار جسٹس نامی اس گروپ نے وزیراعظم عمران خان کے نام ایک خط لکھا جس کا متن تھا کہ ہم آپ کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ پاک بھارت کشیدگی کی موجودہ صورتحال میں شمالی امریکہ، یورپ، آسٹریلیا اور دنیا کے دیگر ممالک میں بسنے والی سکھ برادری پاکستان، جہاں ہمارے مذہبی رہنما شری گرو نانک دیو جی نے اپنی زندگی گزاری اور آخری سانسیں لیں، کے ساتھ مکمل طور پر اظہار یکجہتی کرتی ہے۔