برسبین: آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میں 92 رنز سے شکست دیکرپانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
برسبین کے وولن گابا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 92 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستانی ٹیم 42 ویں اوور میں 176 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور شرجیل خان نے کیا اور دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور 38 رنز تک پہنچایا تھا کہ شرجیل خان جیمز فالکنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جب کہ ایک رن کے اضافے کے بعد کپتان اظہر علی ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔ محمد حفیظ بھی 4 رنز بنا کر فالکنر کا شکار بنے جب کہ عمر اکمل کو 17 رنز پر مچل اسٹارک نے ٹریوس ہیڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ بابر اعظم اچھی فارم میں نظر آئے تاہم وہ بھی 33 رنز بنا کر پیٹ کمنس کی گیند پر سلپ میں اسٹیون اسمتھ کو کیچ دے بیٹھے۔بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میدان سے باہر جانے والے کپتان اظہر علی بھی کوئی خاص کارکردگی نہ دکھاسکے اور پاکستانی کھلاڑی خواطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکا اور 24 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔قبل ازیں آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پانچویں اوور میں محمد عامر نے وارنر کو 7 رنز پر کلین بولڈ کر دیا اور پھر اگلی ہی گیند پر عامر نے اسٹیون اسمتھ کو بھی وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔ 52 کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے سلو ڈلیوری پر جارح مزاج کرس لین کو آؤٹ کرا دیا جبکہ ٹریوس ہیڈ بھی 39 کے انفرادی اسکور پر عماد وسیم کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔گلین میکسویل نے 60 زنز کی اننگز کھیلی جب کہ میتھیو ویڈ نے پاکستانی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آخری اوور کی آخری گیند پر اپنی سنچری مکمل کی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3، محمد عامر اور عماد وسیم نے 2، 2 جب کہ محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔