لاہور: ایشیا کپ میں شریک پاکستان ہاکی ٹیم ڈھاکا کا بے ہنگم ٹریفک میں پھنس کر رہ گئی۔
ایشیا کپ میں شرکت قومی ہاکی ٹیم نے ڈھاکا میں پڑاؤ ڈال لیا، ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کراچی ایئرپورٹ سے براستہ دبئی ڈھاکا پہنچی تو سیکیورٹی کے حصار میں گرین شرٹس کوہوٹل لے جانے کا پروگرام بنایا گیا لیکن ڈھاکا کے بے ہنگم ٹریفک، گاڑیوں کی لمبی قطاروں کی وجہ سے ایئرپورٹ سے ہوٹل تک کا سفر خاصی تاخیر سے طے ہوا جس کی وجہ سے گرین شرٹس اسٹیڈیم میں پریکٹس بھی نہ کرسکے، شام کے اوقات میں کھلاڑیوں کی ٹیم میٹنگ ہوئی جس میں ایشیائی ایونٹ کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی گئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم پیر کی صبح 11 بجے مولانا بھاشانی انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں اپنی ٹریننگ کا آغاز کرے گی، مزید معلوم ہوا ہے کہ ایشیائی ایونٹ شروع ہونے سے قبل گرین شرٹس کسی ٹیم کے ساتھ پریکٹس میچ کھیلنا چاہتے ہیں، اس مقصد کے حصول کے لیے ٹیم منیجمنٹ نے جنوبی کوریا سمیت کچھ اور ٹیموں کے ساتھ رابطے کیے ہیں، جنوبی کوریا کے ساتھ معاملات آخری مراحل میں ہیں، معاملے طے پا جانے کی صورت میں پاکستان 10 اکتوبر کو جنوبی کوریا کے خلاف پریکٹس میچ کھیلے گی۔
یاد رہے کہ مولانا بھاشانی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں11تا 22 اکتوبر تک شیڈول ایشیائی ایونٹ میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں میزبان بنگلہ دیش، چین، بھارت، جاپان، کوریا، ملائیشیا، اومان اورپاکستان شریک ہوں گی، پاکستانی ٹیم ابتدائی میچ میں11 اکتوبر کو میزبان بنگلہ دیش کیخلاف میدان میں اترے گی، دوسرا میچ 13 اکتوبر کو جاپان کے خلاف شیڈول ہے جبکہ 15 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی،قبل ازیں قومی ہاکی ٹیم اتوار کو علی الصبح کراچی سے ڈھاکا کیلیے روانہ ہوئی تھی۔