امریکا نے پاکستان میں واقع اپنے سفارت خانے میں اردو زبان پر عبور رکھنے والی خاتون کا بطور ترجمان تقرر کیا ہے، امریکی وزارت خارجہ کے مطابق ہیلینا وائٹ کی تقرری کا مقصد پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
فرفر اردو بولتی امریکی ترجمان ہیلینا وائٹ لندن میں امریکی سفارت خانے میں واقع لندن میڈیا مرکز میں عہدے دار رہ چکی ہیں ،وہ پاکستان اور افغانستان کیلئے بطور خصوصی نمائندہ بھی ذمہ داریاں سرانجام دے چکی ہیں ۔
ہیلینا وائٹ کا کہنا ہے کہ اردو زبان دنیا کی میٹھی زبان ہے اور اس زبان کا لطف بیان کرنا آسان نہیں، کہتی ہیں کہ جنوبی ایشیا میں بلخصوص اردو زبان بولنے والوں کی بہت بڑی اور غیر معمولی تعداد ہے, میں سمجھتی ہوں کہ اس زبان کی بدولت وہ پاکستان کو امریکا کے مزید قریب لاسکتی ہیں ،اردو زبان نے قابل ذکر خدمات انجام دی ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ امریکااور مسلم دنیا خاص طور پر پاکستان سے امریکی تعلقات بہت گہرے اور خوشگوار ہیں اوران رشتوں کو ہم مزید مضبوط بنائیں گے ۔ امریکا کی انتظامیہ سمجھتی ہے کہ پاکستان پر امریکی پالیسیوں کو واضح کرنا بہت ضروری ہے اور اس مقصد کیلئے اردو ترجمان کی تقرری بہت ضروری تھی۔
ہیلینا کا مزید کہنا ہے کہ اردو سیکھنا اور بولنا میرا شوق تھا اور ایک طویل عرصے سے اردو زبان سیکھ رہی ہوں ، نوجوانی سے اردو زبان، شاعری او ر ثقافت کی طالب علم رہی ہوں تاکہ اردو سمجھنے والوں کیساتھ بہتر انداز میں بات چیت کرسکوں،انہوں نے انتہائی مسرت سے کہا کہ مجھے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ بحیثیت اردو ترجمان تعیناتی سے آج میرا یہ خواب پورا ہوگیا ہےاور امریکاسمجھتا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دوستی اہمیت کی حامل ہے۔