اسلام آباد: سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ملک میں آبی بحران کے خدشے کے پیش نظر ڈیم فنڈ قائم کیا تھا جس میں پاکستانی شہریوں سمیت اوورسیز پاکستانیوں نے بھی عطیات جمع کروائے۔ تاہم اب ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کروانے والے شہریوں کی تعداد میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فروری کے چار ہفتوں میں پورے 34 کروڑ روپے بھی جمع نا ہو سکے، سابق چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ سے قبل اوسط ہر ہفتے 36 کروڑ روپے جمع ہو رہے تھے۔ وزیراعظم چیف جسٹس ڈیمز فنڈ میں 9 ارب 95 کروڑ روپے جمع ہوئے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق 4 مارچ تک فنڈ میں پاکستان سے 8 ارب 50 کروڑ 50 لاکھ 37 ہزار روپے جمع کروائے گئے جبکہ بیرون ملک سے 1 ارب 45 کروڑ روپے آئے۔ فروری کے دوران ڈیم فنڈ میں مجموعی طور پر 33 کروڑ 96 لاکھ 67 ہزار روپے جمع کروائے گئے، جن میں سے 25 کروڑ 87 لاکھ روپے اندرون ملک جبکہ 8 کروڑ 9 لاکھ روپے بیرون ملک سے آئے۔ ڈیم فنڈ کے قیام سے 31 دسمبر تک اس فنڈ میں اوسطاً ہر ماہ ایک ارب 63 کروڑ 3 لاکھ روپے جمع کروائے گئے تاہم اس کے بعد ڈیم فنڈ میں عطیات آنے کا سلسلہ کم ہونا شروع ہو گیا۔ سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی ریٹائرمنٹ کے بعد ماہ جنوری میں ڈیم فنڈ میں مجموعی طور پر 62 کروڑ 89 لاکھ روپے جمع کروائے گئے تھے، جبکہ فروری میں جمع کروائی جانے والی مجموعی رقم 34 کروڑ روپے سے بھی کم رہ گئی۔ ڈیم فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے ایک بینک اکاؤنٹ بھی مختص کیا گیا تھا۔ اس بنک اکاؤنٹ کا ٹائٹل دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ 2018ء رکھا گیا ہے اور اکاؤنٹ نمبر 4-001-299999-593-03 ہے جبکہ آئی بی این نمبر پی کے 06 ایس بی پی پی 0035932999990014 ہے۔