اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ نے شہباز شریف سے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران نواز شریف کے بیان کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی صدارت میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جاری ہےجس میں پارٹی کو درپیش مشکلات اور سیاسی حکمت عملی پر غور کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں ارکان نے شہباز شریف کے سامنے اپنی مشکلات کا ذکر کیا اور موقف اپنایا کہ نواز شریف کے بیان کے بعد ماحول کافی ناسازگار ہو گیا ہے جس کے باعث الیکشن مہم میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، رہنمائی فرمائیں ایسے حالات میں ہم کیا کریں۔ شہباز شریف نے ارکان کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ کے تحفظات اور تجاویز نواز شریف تک پہنچاوٴں گا۔