حیدرآباد میں لطیف آباد نمبر 2 پر بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر آئے تو کرے کوئی اور بھرے کوئی کی مثال بن گئی، احتجاج سے ٹریفک جام ہوا اور ٹریفک جام میں پھنسے ایس ایس پی پیر محمد شاہ، بس پھر کیا تھا، جو جو نظر آیا کوئی معطل کسی کی مدت ملازمت کم کردی گئیں۔
ٹریفک سیکشن آفیسر ملک فراز اور ایس ایچ او حسین آباد امین کھوسو کی مدت ملازمت ایک سال کم کردی گئی، جبکہ ٹریفک اہلکار محمد احمد کو تو معطلی ہی کی سزا مل گئی۔
حیدرآباد کے شہری ان دنوں ٹریفک جام کے سخت عذاب میں مبتلا ہیں ،لطیف آباد نمبر 2 کی بات کریں یا اسٹیشن روڈ یا پھر صدر، منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونا اب عام ہوچکا ہے۔
پچیس لاکھ کی آبادی والے شہر حیدرآباد میں صرف دوسو ٹریفک پولیس اہلکار ہیں جو دن رات دس لاکھ سے زائد گاڑیوں کو کنٹرول کرتے ہیں۔