مسلم لیگ ن کے مرکزی قائدین کی آج گورنمنٹ ہائوس مری میں بیٹھک لگے گی، سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب چھانگلہ گلی میں موجود، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی مری آئیں گے: ذرائع
مری: وفاقی کابینہ کی تشکیل کا مرحلہ، ن لیگی رہنما آج پھر سرجوڑ کر بیٹھیں گے، ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی قائدین کی آج گورنمنٹ ہائوس مری میں بیٹھک لگے گی، سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب چھانگلہ گلی میں موجود ہیں، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی مری آئیں گے، مسلم لیگ ن کے دیگر رہنما بھی مشاورتی عمل میں شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے ناموں کو آج حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے، لیگی بیٹھک میں حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لیے لائحہ عمل طے کیئے جانے کا امکان ہے، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو اس حلقے سے لڑانے کے حوالے سے بھی غور کیا جائے گا۔
واضح رہے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز کابینہ کی تشکیل کیلئے وزیر اعظم نوازشریف سے طویل مشاورت کی، جس میں وفاقی کابینہ کیلئے نام فائنل نہ ہوسکے۔ فیصلہ نہ ہونے پر بدھ کی شام ایوان صدر میں وزرا کی حلف برداری کی تقریب ملتوی کر دی گئی، مشاورتی اجلاس مری میں نواز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر اعلٰی شہباز شریف، راجہ ظفر الحق، چوہدری نثا ر، اسحاق ڈار، خواجہ آصف، پرویز رشید، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مشاہد اللہ خان اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں کابینہ کی تشکیل کے علاوہ حکومتی ترجیحات، این اے 120 کے ضمنی الیکشن اور سابق وزیر اعظم کی لاہور روانگی کے طریقہ کار سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اجلاس پانچ گھنٹے سے زیادہ دیر جاری رہا، اجلاس میں کابینہ کے معاملے پر حتمی فیصلہ نہ کیا جا سکا اور اس پر مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔