کراچی ( ویب ڈیسک ) پی آئی اے نے اپنی فضائی میزبانوں کو وزن کم کرنے کا حکم دے دیا ہے اور اس حکم پر سختی سے علمدرآمد کا عندیہ بھی دیا ہے پی آئی اے کے ایک سرکلر کے مطابق مقررہ حد سے 30پونڈ اضافی وزن والی فضائی میزبان ہر ماہ 5 پونڈ وزن کم کریں۔ پی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اضافی وزن والی ائیر ہوسٹسز جولائی کے مہینے تک اپنا وزن مقررہ حد کے مطابق کریں جس کے بعد طے شدہ معیار سے زیادہ وزن والے فضائی میزبانوں کو گراؤنڈ کردیا جائے گا۔ پی آئی اے کے قواعد و ضوابط کے مطابق 5.5 فٹ قد کے فضائی میزبان کا وزن 150 پونڈ سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ دوسری جانب پی آئی اے حکام کی وزن کم کرنے کی ہدایت پر فضائی میزبانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ اس پریشانی میں مبتلا ہیں کہ اتنی جلدی کم وقت میں وزن کیسے کم کریں ۔ ائیرہوسٹسز کے مطابق ایک ماہ میں 25 پونڈ وزن کم کرنا ناممکن ہے ؟ حکم نامے کی زد میں آنے والی خواتین کا کہنا ہے کہ اگر سرکلر واپس نہ لیا گیا تووہ اسے عدالت میں چیلنج کریں گی۔