معروف گلوکار سلمان احمد بنی گالہ جانے کی کوشش میں گرفتار، انہیں کچھ دیر تھانہ سیکریٹریٹ میں رکھنے کے بعد آئی جی اسلام آباد کے حکم پر رہا کر دیا گیا۔
اسلام آباد/راولپنڈی: پولیس نے معروف گلوکار سلمان احمد کو بنی گالہ جانے کی اجازت نہ دی اور گرفتار کرکے تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کر دیا۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد پولیس نے انہیں رہا بھی کر دیا۔ ترجمان پولیس نے بتایا کہ سلمان احمد کی رہائی آئی جی اسلام آباد کے حکم پر عمل میں لائی گئی ہے۔
رہائی کے بعد دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے معروف گلوکار اور پی ٹی آئی کے کارکن سلمان احمد نے کہا کہ میری گرفتاری پولیس کی غنڈہ گردی کے سوا اور کچھ نہیں۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ انہیں گرفتاری کے فوراً بعد رہا کیوں کیا گیا ہے تو انہوں نے بتایا کہ کیونکہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا تھا اور ان کے مخالفین اندر سے بزدل ہیں، اس لئے انہوں نے انہیں رہا کرنے میں ہی عافیت سمجھی۔