اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے نواز شریف پر اعتماد کی قرار داد منظور کر لی ہے۔
پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹر مشاہد اللہ خان نے نواز شریف پر اعتماد اور ان کی 4سالہ کارکردگی کی قرار داد پیش کی۔ قرار داد میں توانائی منصوبوں، میٹروبس، موٹروے اور سی پیک منصوبے کی تفصیلات کو حصہ بنایا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے متفقہ طور پر نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے قرار داد منظور کر لی ہے جب کہ نواز شریف کی بطور وزیراعظم کارکردگی اور 4سالہ دور میں ترقیاتی کاموں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مجلس عاملہ نے جماعت کے آئین میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی ہے جس میں پارٹی عہدے کے لئے عدالتی نا اہل شخص پر عائد پابندی کو ختم کر دیا گیا ہے۔