راولپنڈی، ٹیکسلا: سیشن عدالت نے مسلم لیگ ن کے مقامی رہنماءکو معصوم بچی سے بدفعلی کا الزام ثابت ہونے پر 20 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی۔
ڈیلی ٹائمز کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج احمد ارشد محمود نے ملزم محمد اشفاق اور اس کی ساتھی خاتون ڈاکٹر کیخلاف مقدمے کا فیصلہ سنادیا جس نے بدفعلی کا شکار بچے کے حاملہ ہونے پر اسقاط حمل کیا تھا تاہم ملزم کے دو بھائیوں کو عدم شواہد کی بنیاد پر بری کردیا گیا۔ اس سے قبل 2015ء میں متاثرہ لڑکی کی والدہ نے مقامی رہنما اور اس کے ساتھیوں کیخلاف کیس دائر کیا تھا اور موقف اپنایا کہ لڑکی کے والد کے کزن ملزم نے اپنے دو بھائیوں سمیت گن پوائنٹ پر معصوم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، پھر معصوم بچی کے حاملہ ہونے کی خبر پر نجی کلینک میں حمل ضائع کروا دیا۔ یہ بھی انکشاف ہوا تھا کہ خاتون ڈاکٹر نے اسقاط حمل کے لیے ملزم سے 80ہزار روپے وصول کیے۔