راولپنڈی: کرنسی سمگلنگ میں ملوث سپر ماڈل ایان علی کی مشکلات بڑھ گئیں۔ کسٹمز عدالت نے اشہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے ملزمہ کبھی اومان تو کبھی دبئی جاتی ہے، عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوتی۔ کرنسی سمگلنگ کیس میں تفتیشی آفیسر نے ایان علی کے جاری اشتہار کی رپورٹ جمع کرائی تو جج ارشد حسین بھٹہ نے کہا تین سال ہو گئے ملزمہ عدالت پیش نہیں ہوئی۔عدالتی کاموں میں اپنی من مرضی کرنے سے آکر محترمہ کیا ثابت کرنا چاہتیں ہیں ملزمہ کے وکیل نے جواب دیا میری موکلہ کی طبیعت ناساز ہے، مارچ تک کا وقت دے دیں وہ واپس آ جائیں گی۔فاضل جج کا برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا ملزمہ کبھی اومان تو کبھی دبئی جاتی ہے عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوتی، بار بار تاریخیں لینے کی بجائے میرے حکم کیخلاف حکم امتناعی لے آئیں۔ ایان علی کا ایک ضامن محمد نواز عدالت میں پیش ہو گیا، جبکہ دوسرے ضامن کو دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔عدالت نے ایان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے سماعت 9 مارچ تک ملتوی کردی۔