قومی ٹیم کے فاسٹ بو لر حسن علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بھارت کیخلاف چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے قبل اپنے ہیرو وقار یونس کی ویڈیوز دیکھنے کے بعد میدان میں اترے تھے۔
ایک انٹرویو کے دوران حسن علی نے کہا کہ وقار یونس بولنگ میں ان کے آئیڈیل ہیں، وہ پہلے ہر پاکستانی بچے کی طرح بیٹسمین بننا چاہتے تھے تاہم جب 1999-2000 میں انہوں نے وقار یونس کو بولنگ کرتے دیکھا تو فیصلہ کرلیا کہ وہ انہی کی طرح کے فاسٹ بولر بنیں گے۔ حسن علی کا کہنا تھا کہ انہیں وقار یونس کی ریورس سوئنگ اور یارکرز گیندیں بہت پسند تھیں اور وہ بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کھیلنے سے قبل بھی انگلینڈ کیخلاف ون ڈے میچ میں ان کی 7 وکٹوں کی پرفارمنس یوٹویب پر دیکھ رہے تھے۔ حسن علی کا کہنا تھا کہ 7 وکٹوں کی پرفارمنس وقار یونس نے ریورس سوئنگ کی بجائے نئی گیند پر حاصل کی تھیں۔