اسلام آباد: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیوکے معاملے پر پاکستانی حکام عالمی عدالت انصاف میں بھارت کامقابلہ کرنے کیلیے حتمی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
خاور قریشی کی سربراہی میں پاکستان کے وکلاء کی ٹیم آج (جمعرات کو) وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کوپاکستان کے حتمی جواب سے متعلق بریفنگ دے گی جو13دسمبرکوعالمی عدالت میں جمع کرایا جائے گا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ دفترخارجہ،اٹارنی جنرل آفس اورعسکری اسٹیبلشمنٹ اس جواب کوحتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔ وفاقی حکومت نے اس معاملے پرملک کے دوچوٹی کے وکلاء سے بھی قانونی مددمانگ لی ہے تاہم عالمی عدالت میںخاورقریشی ہی پاکستان کے مرکزی وکیل ہوں گے۔ توقع ہے کہ اس کیس کی حتمی سماعت چندماہ میں ہوگی ۔بھارت نے 13ستمبرکوعالمی عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں پاکستان کی فوجی عدالت میں کلبھوشن یادیو کے ٹرائل پراعتراض کیا تھا۔ بھارت کایہ بھی موقف تھا کہ پاکستان کلبھوشن کوقونصلر رسائی دینے کاپابند ہے۔ اس مقدمہ میں وفاقی حکومت نے جسٹس تصدق حسین جیلانی کوایڈہاک جج مقررکیا ہے۔ قانونی ماہرین کاخیال ہے کہ اس مقدمے میں حتمی جواب تیارکرنے کیلیے تمام فریقین ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔ بین الاقوامی قانون کے ماہرایک وکیل نے کہا کہ بھارت اپنی درخواست کی بنیاد پرکلبھوشن یادیوکوکبھی بری نہیں کراسکتا۔